اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مولانا حامد الحق حقانی کو جمعیت علماء اسلام (س) کا امیر منتخب کرلیا گیا۔ جمعیت علماء اسلام (س) کی مرکزی مجلس شوریٰ اور جنرل کونسل کا اجلاس گذشتہ روز دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ہوا، ملک بھر سے عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی اور مولانا حامد الحق حقانی کو متفقہ طور پر جمعیت کی دستوری مدت کیلئے امیر منتخب کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حامد الحق حقانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمعیت کو ہر سطح پر منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کی فتح نے ثابت کر دیا ہے کہ آزادی کی تحریکوں کو جنگ، تشدد اور قوت سے دبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان نے مولانا سمیع الحق کی سیاسی پالیسی پر عمل پیرا ہوکر امریکا اور نیٹو افواج کو شکست دے کر ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر اور فلسطین میں مسلط قوتیں بھی شکست سے دو چار ہونے والی ہیں.
ان کا مزید کہنا تھ کہ جمعیت علماء اسلام سمجھتی ہے کہ آزادی کی تحریکیں جہاد کے ذریعہ ہی کامیاب ہوسکتی ہیں اور جمعیت ان تحریکوں کی سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پورے ملک میں شہید ناموس رسالتؐ مولانا سمیع الحق کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم پر اجتماعات اور سیمینارز منعقد کئے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران جمعیت کی شوریٰ اور جنرل کونسل کے اراکین نے اظہار الحق کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ مولانا حامد الحق نے مولانا سمیع الحق کی شہادت، قاتلوں کو تلاش کرنے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے پر زور دیا، اجلاس میں مولانا عبدالروف فاروقی، مولانا سید یوسف شاہ، مولانا بشیر احمد شاد و دیگر علماء اور سیکڑوں عہدیداروں نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169